حیدر آباد/7اکتوبر (ایس او نیوز) الیکشن کمیشن نے تلنگانہ، مدھیہ پردیش، راجستھان، چھتیس گڑھ اورمیزورم میں آئندہ اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔ کمیشن نے چھتیس گڑھ میں دو مرحلوں میں الیکشن کرانے کا اعلان کیا ہے۔ حیدرآباد کے ممبرپارلیمنٹ اور آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسدالدین اویسی نے اس کا استقبال کرتے ہوئے بی جے پی پرتنقید کی ہے۔
اسدالدین اویسی نے کہا کہ بی جے پی دیگر موضوعات سے توجہ ہٹانے کے لئے مندرکے مدعے پرالیکشن میں ایک بار پھرپولرائزیشن کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ تلنگانہ اسمبلی الیکشن کے بعد ہم عظیم اتحاد (مہا گٹھ بندھن) کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔
اس کے ساتھ ہی اویسی نے واضح الفاظ میں یہ بھی کہا کہ صرف کانگریس یا بی جے پی ہی متبادل نہیں ہیں، ان کےعلاوہ بھی کئی متبادل ہیں۔ حیدرآباد کے ممبرپارلیمنٹ نے یہ بھی کہا کہ نامزدگی داخل کرنے میں بہت وقت ہے، اس لئے کچھ وقت بعد یہ فیصلہ کریں گے کہ اے آئی ایم آئی ایم کتنی سیٹوں پرالیکشن لڑے گی۔ واضح رہے کہ حیدرآباد میں اے آئی ایم آئی ایم کے ابھی صرف 7 ممبراسمبلی ہیں۔